بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اوردوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پرنائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ اُمید ہے پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔
وزیر اعظم نے چینی صدر کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین عظیم دوست ہیں جو ہر آزمائش میں پورا اترے ہیں، بیلٹ اینڈ روڈ، سی پیک منصوبہ صدر شی جن پنگ کی مثالی قیادت کا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی امن کیلئے خطرہ، پاکستان پڑوسیوں سے مستحکم تعلقات چاہتا ہے: وزیر اعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ پاکستان کے عوام چین کے ساتھ دوستی کودل سے پسند کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کی روسی صدر پیوٹن اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔