وزیراعظم سے گلگت بلتستان کے قومی ہیروز کی ملاقات، 25، 25 لاکھ کے چیک سے نوازا

Published On 25 August,2025 08:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے گلیشیئر پھٹنے کی پیشگی اطلاع دے کر سیکڑوں جانیں بچانے والے گلگت بلتستان کے تین قومی ہیروز نے ملاقات کی، وزیراعظم نے 25، 25 لاکھ روپےکے چیک دیے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ایوان وزیراعظم میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے تین قومی ہیروز ( جو پیشےکے لحاظ سےچرواہے ہیں ) نے ملاقات کی، جنہوں نے گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں گلیشیئر پھٹنے کی بروقت اطلاع دے کر 300 سے زائد جانیں بچائیں۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنےوالوں میں وصیت خان، انصار اور محمد خان شامل تھے، وزیراعظم نے تینوں افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیروز کا 24کروڑ عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب متاثرین کی بحالی، تعمیر نو کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: وزیراعظم

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم آپ تینوں ہیروز کیلئے دعا گو ہے، آپ نے احساس ذمہ داری کے ساتھ بروقت اطلاع دے کر انسانی جانیں بچائیں، وزیرِ اعظم نے وصیت خان، انصار اور محمد خان کو حکومت پاکستان کی جانب سے 25 لاکھ روپے کے علیحدہ علیحدہ انعامی چیک بھی پیش کیے۔

وزیراعظم نے ان سے کہا کہ آپ کی پیشگی اطلاع کی بدولت سے علاقے کو بروقت خالی کروا کر سیکڑوں انسانوں کی جانیں بچائی گئیں، انسانی خدمت کا آپ کا یہ اقدام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

وصیت خان، انصار اور محمد خان نے اس پذیرائی پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیااور کہ اکہ اللہ کے فضل و کرم سے وہ انسانی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے، جس پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔