بھارت نے پاکستان دشمنی میں اپنے اتحادی آرمینیا کو بھی دھوکا دے دیا

Published On 02 September,2025 08:59 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف سازشیں رچانے والی مودی سرکار اس بار نہ صرف خود بے نقاب ہوئی بلکہ اپنی پاکستان دشمنی میں اپنے قریبی اتحادی آرمینیا کو بھی عالمی سطح پر دھوکا دے دیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کی حالیہ پیش رفت میں بھارت نے آذربائیجان کی مکمل رکنیت کو ویٹو کرتے ہوئے آرمینیا کا راستہ بھی بند کر دیا حالانکہ غیر رسمی اتفاق رائے یہ تھا کہ آذر بائیجان اور آرمینیا کو بیک وقت رکن بنایا جائے گا۔

صدر آذربائیجان الہام علییوف نے چین کے شہر تیانجن میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ بھارت پاکستان کی حمایت پر آذربائیجان سے انتقام لینے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان کو بھارت پر سفارتی برتری حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھائی ہیں، اور بھارت کی مخالفت ہمیں پاکستان سے دُور نہیں کر سکتی۔

غیر رسمی سفارتی شرط کے مطابق آذربائیجان اور آرمینیا کو ایک ساتھ ایس سی او کا رکن بنایا جانا تھا، لیکن بھارت نے آذربائیجان کی راہ میں روڑے اٹکائے، جس کے بعد اصولاً آرمینیا کی رکنیت بھی مؤخر ہو گئی۔