بیجنگ :(دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی بیجنگ میں اہم ملاقاتیں ہوئیں،انہوں نے چین کے مرکزی بینک کے گورنر ڈاکٹر پان گونگ شینگ سے ملاقات کی۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان کی معاشی کارکردگی اور اصلاحاتی پروگرام پر بریفنگ دی ، حکام نے چین کی سیاسی و معاشی حمایت پر پاکستان کا اظہارِ تشکر کیا اور پاک ۔ چین مالی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب وزیر خزانہ کی انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ کے چیئرمین مسٹر لیاؤ لن سے بھی ملاقات کی اورپاکستان میں آئی سی بی سی کی مضبوط موجودگی کو خوش آئند قرار دیا جب کہ ترقیاتی فنڈنگ اور قرضوں کی ری فنانسنگ پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کے درمیان مالیاتی شعبے میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات کے دوران سرمایہ کاری اور تجارتی فنانسنگ کے نئے مواقع پر بات چیت کی گئی ، محمد اورنگزیب کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ اصلاحاتی پروگرام معیشت میں پائیدار استحکام لائے گا،چینی اداروں کے ساتھ شراکت داری پاکستان کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی تعاون نئے دور میں داخل ہو گیا، بینکنگ، سرمایہ کاری اور کیپیٹل مارکیٹس میں نئے مواقع موجود ہیں،پاکستان سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا۔
آخر میں وزیر خزانہ نے پاک۔ چین تعلقات مزید مستحکم بنانے کا عزم کیا۔