صنعتی جدید کاری اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن معاشی حکمتِ عملی کا ستون ہے: رانا تنویر حسین

Published On 09 September,2025 06:46 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہے صنعتی جدید کاری اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن معاشی حکمتِ عملی کا ستون ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں ’ ری ڈیفائننگ ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ‘ انٹرنیشنل سمٹ کا انعقاد کیا گیا، رانا تنویر حسین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ مینوفیکچرنگ قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے،آج کی دنیا میں مسابقت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مشروط ہے، پاکستان کو عالمی سپلائی چین میں رہنے کے لیے فوری طور پر جدت اپنانا ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے صنعتی جدید کاری اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو معاشی حکمتِ عملی کا ستون قرار دیا ہے، پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قومی ماسٹر پلان اور انڈسٹری 4.0 کے فروغ پر کام کر رہی ہے، نیشنل ایرو سپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پاکستان کو جدید تحقیق کا مرکز بنا رہا ہے۔

رانا تنویر حسین کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پاکستان انیشی ایٹو نوجوانوں کے لیے روزگار اور مواقع پیدا کر رہا ہے، اوکٹو نے 3D سکیننگ اور ڈیجیٹل پروٹو ٹائپنگ کے ذریعے صنعت میں خلا پُر کیا ہے، پاکستان کا مستقبل ٹیکنالوجی، جدت اور مسابقت اپنانے سے وابستہ ہے۔