وزیر خزانہ کی مصنوعی مہنگائی کو روکنے کیلئے سخت نگرانی کی ہدایت

Published On 11 September,2025 07:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں متعلقہ حکام کو مصنوعی مہنگائی روکنے کے لیے سخت نگرانی کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت مہنگائی کے رجحان پر سٹیئرنگ کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور رسد و طلب کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پیاز، ٹماٹر، چاول، گندم، چینی اور خوردنی تیل کی قیمتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے صوبہ وار اسٹاک، رسد اور درآمدی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، کمیٹی کو بتایا گیا کہ وافر گندم ذخائر دستیاب ہیں اور حالیہ بارشوں سے چاول اور گنے کی فصل کو محدود نقصان ہوا۔

وزیر خزانہ نے مہنگائی پر قابو پانے اور قیمتوں کے استحکام کے عزم اعادہ کیا اور مصنوعی مہنگائی روکنے کے لیے سخت نگرانی کی ہدایت بھی کی، انہوں نے مہنگائی پر قابو پانے اور قیمتوں کے استحکام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کم آمدنی والے گھرانوں اور سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اجلاس کے دوران وزیر خزانہ کی جانب سے آئندہ کاشتکاری سیزن کے لیے بیج اور زرعی مداخل کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی، این ڈی ایم اے، سپارکو اور پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کو فصلوں کے نقصان کا درست تخمینہ لگانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

وزیر خزانہ نے مہنگائی کنٹرول اقدامات کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے دوبارہ طلب کرنے کی ہدایت بھی دی۔