پنجاب: ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن، لاکھوں میٹرک ٹن گندم برآمد

Published On 13 September,2025 10:11 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شروع کی گئی اینٹی ہورڈنگ مہم کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، پنجاب میں گندم کے مصنوعی بحران کی حقیقت چند ہی روز میں سامنے آ گئی۔

فوڈ ڈائریکٹوریٹ، پیرا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 1452 مقامات پر مشترکہ کارروائیاں کی گئیں، ان کارروائیوں کے دوران گندم کے بڑے پیمانے پر چھپائے گئے ذخائر کا انکشاف ہوا جو قیمتوں میں مصنوعی اضافہ اور فوڈ سکیورٹی کے خطرات کا باعث بن رہے تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فلور ملز کے گندم ذخائر 31 اگست کو 14 لاکھ 19 ہزار میٹرک ٹن تھے جو صرف دو ہفتوں کے دوران بڑھ کر 12 ستمبر تک 15 لاکھ 46 ہزار 592 میٹرک ٹن ہو گئے۔

سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق مہم کے دوران مختلف فلور ملز سے ایک لاکھ 84 ہزار 191 میٹرک ٹن چھپائی گئی گندم برآمد کی گئی جبکہ گرائنڈ کی گئی گندم کی مقدار 2 لاکھ 48 ہزار 702 میٹرک ٹن رہی۔

رپورٹس کے مطابق گراں فروشی کیلئے چھپائی گئی 5 لاکھ 59 ہزار 487 میٹرک ٹن گندم کو مارکیٹ میں فراہم کیا گیا جس سے آٹے کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہوا۔

ڈاکٹر کرن خورشید نے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے ساتھ زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، حکومت پنجاب تاجروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے تاہم منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

انہوں نے عوام اور انڈسٹری کے دیانتدار عناصر سے اپیل کی کہ وہ ایسے بدعنوان عناصر کی نشاندہی میں حکومت سے تعاون جاری رکھیں۔

ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق اینٹی ہورڈنگ مہم کی بدولت نہ صرف گندم کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے بلکہ صوبے بھر میں فوڈ سکیورٹی کے اہداف بھی حاصل کئے جا رہے ہیں۔