اسلام آباد: (مدثر علی رانا) حکومت پاکستان نے حالیہ سیلابی نقصانات کا درست تخمینہ لگانے کے لیے عالمی مالیاتی اداروں سے مدد طلب کر لی۔
ذرائع کے مطابق وزارت منصوبہ بندی کی سفارش پر عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کو باضابطہ خط لکھا گیا ہے۔
ذرائع پلاننگ کمیشن کے مطابق ابتدائی تخمینے میں متعدد غلطیوں کی نشاندہی ہوئی ہے اور وزیر اعظم آفس اور آئی ایم ایف کے جائزہ مشن سے شیئر کیا گیا نقصان کا تخمینہ اصل سے کم لگایا گیا تھا۔
حکومت نے عالمی اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ پوسٹ ڈیزاسٹر نیڈز اسیسمنٹ (PDNA) کے انعقاد کے لیے تکنیکی معاونت اور ماہرین کی ٹیم فراہم کریں تاکہ نقصانات کا جامع اور درست تخمینہ لگایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلابی نقصانات پر نیا تخمینہ تیار ہونے کے بعد آئی ایم ایف کو دوبارہ رپورٹ پیش کی جائے گی، اس کے علاوہ آئی ایم ایف کے اہداف کے مطابق سرکاری ملکیتی اداروں کے ایکٹ میں ترمیم بھی تاحال نہ ہو سکی۔