رواں مالی سال 30 شعبوں کی برآمدات میں کمی، تجارتی خسارہ بھی بڑھ گیا

Published On 17 October,2025 09:31 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) رواں مالی سال جولائی سے ستمبر کے دوران ملک کے 71 برآمدی شعبوں میں سے 30 شعبوں کی برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق جیولری، فرنیچر، کارپٹ، کیمیکلز و فارماسیوٹیکل مصنوعات، پلاسٹک میٹریل، تمباکو، بیجوں کے تیل، کاٹن کپڑے، کروڈ پٹرولیم مصنوعات، چاول اور سبزیوں سمیت کئی اہم برآمدی شعبے متاثر ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق خوراک کے شعبے کی برآمدات میں پہلی سہ ماہی کے دوران 31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، چاول کی برآمدات میں 42 فیصد اور باسمتی چاول میں 43.6 فیصد گراوٹ دیکھی گئی۔

سبزیوں کی برآمدات میں 41 فیصد کمی جبکہ تمباکو کی برآمد میں 48 فیصد کمی سامنے آئی، میوہ جات اور تیل دار بیجوں کی برآمدات تقریباً 68 فیصد کم ہوئیں، کاٹن کپڑوں کی برآمد میں 14 فیصد، کارپٹس و میٹس میں 12 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات 7 فیصد، ٹرانسپورٹ آلات کی 38 فیصد، جیولری کی 98 فیصد اور فرنیچر مصنوعات کی 12 فیصد کم ہوئیں، دستکاری مصنوعات کی برآمد میں بھی 94 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ان 30 شعبوں کی برآمدی گروتھ میں کمی کے نتیجے میں تجارتی خسارے میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ ماہرین نے اس رجحان کو عالمی معاشی دباؤ، درآمدی لاگت میں اضافے اور توانائی بحران سے جوڑا ہے۔