امریکا: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی ٹی سی ایکس (دی کرنسی ایکسچینج فنڈ) کے وفد سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں ٹی سی ایکس کی قیادت ادارے کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر اور ڈپٹی سی ای او عثمان بوقرامی نے کی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے دورہ امریکا میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے پانچویں روز ’منقسم دنیا میں مالی وسائل کی فراہمی‘ کے موضوع پر عالمی فورم میں شرکت کی اور دی کرنسی ایکسچینج فنڈ کے وفد سے ملاقات کی۔
دوران ملاقات مقامی کرنسی میں قرض فراہمی اور قرض مینجمنٹ حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر خزانہ کو ڈالر کے بجائے مقامی کرنسی میں فنانسنگ سہولت کے حوالے سے ٹی سی ایکس کے آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
وزیر خزانہ نےٹی سی ایکس کے ساتھ شراکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی سی ایکس کے ساتھ شراکت سے پاکستان میں مقامی کرنسی پر مبنی قرضوں کے تحفظ کو مزید مضبوطی ملے گی، ی سی ایکس کی جانب سے وزارتِ خزانہ کو جمع کرائی گئی تجاویز پر تفصیلی فالو اپ کیا جائے گا اور مستقبل میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) October 17, 2025
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی اندرونی اور بیرونی قرضہ جاتی ذمہ داریوں کی مدت میں توسیع کا خواہاں ہے اور اس کا مقصد ری فنانسنگ اور شرحِ سود کے خطرات کو کم کرنا ہے، پاکستان بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک رسائی کے لیے پانڈا بانڈز، یوروبانڈز اور بین الاقوامی سکوک کے اجرا پر کام کر رہا ہے۔
دریں اثنا وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کی گئی میڈیا بریف کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے دورہ امریکا میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے پانچویں روز ’منقسم دنیا میں مالی وسائل کی فراہمی‘ کے موضوع پر عالمی فورم میں اپنی تقریر میں سال 2025-26 میں عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر گفتگو کی۔
وزیر خزانہ نے عالمی معیشت کو بڑھتی ہوئی تجارتی رکاوٹوں اور توانائی کی قیمتوں میں کمی جیسے درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور مشکلات کے باوجود اپریل 2025 میں پیش کی گئی توقعات کے برعکس عالمی معیشت کی مضبوطی کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں باہمی تجارتی محصولات میں اضافہ کے باوجود عالمی معیشت مستحکم ہوئی ہے، اور پاکستانی معیشت کو بڑے شراکت دار ممالک کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے باعث نئے فراہم ہوئے ہیں۔