کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں آج بھی کاروبار کے دوران مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 68 ہزار 414 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1103 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 67 ہزار 346 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
خریداروں کی دلچسپی آٹو موبائل سمبلرز، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز)، بجلی پیدا کرنے اور ریفائنری شعبوں میں نمایاں رہی، اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایم سی بی اور این بی پی کے حصص بھی مثبت زون میں دکھائی دیئے۔
ماہرین نے اس مثبت رجحان کو جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی اور بہتر معاشی اشاریوں سے منسوب کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر 2436 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار 242 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔