اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے نیدرلینڈز کے نئے سفیر رابرٹ یان سیگرٹ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نیدرلینڈز کے ساتھ تاریخی تعلقات اور تعاون پر اظہارِ تشکر کیا، دونوں ممالک نے تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
نیدرلینڈز نے پاکستان میں زرعی، آئی ٹی اور ٹیکسٹائل شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان مشکل معاشی دور سے نکل کر استحکام کی جانب گامزن ہے، گزشتہ دو سال میں عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی معاشی آؤٹ لک بہتر کی۔
.jpg)
محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کی اصلاحاتی پیش رفت پر اعتماد کا اظہار کیا، حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منافع اور ڈیویڈنڈ کی ترسیلات معمول کے مطابق جاری ہیں، پاکستان کھپت پر مبنی معیشت سے سرمایہ کاری و برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ریونیو نظام کی ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکس نیٹ بڑھانے پر کام تیز کر دیا، نجکاری، توانائی اور ریاستی اداروں میں اصلاحات جاری ہیں۔
نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ یان سیگرٹ نے کہا کہ نیدرلینڈز کے تقریباً 50 کاروباری ادارے پاکستان میں فعال ہیں، ایف ایم او پاکستان میں مستقبل کی سرمایہ کاری میں معاون ہو سکتا ہے۔
جی ایس پی پلس کی اہمیت اور پاکستان کی پیش رفت پر نیدرلینڈز کے سفیر نے تعریف کی، اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا پاکستان اصلاحاتی اور جی ایس پی پلس تقاضوں کی پاسداری جاری رکھے گا۔



