چینی عوام کی پہنچ سے دور، قیمت 220 روپے فی کلو تک جا پہنچی

Published On 02 November,2025 05:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اوپن مارکیٹ میں چینی کی سرکاری قیمت پر عدم دستیابی ہے جبکہ مختلف شہروں میں چینی 220 روپے تک میں فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور میں چینی 190 روپے سے 220 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے، اس کے علاوہ پشاور شہر میں بھی چینی 210 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پرچون میں چینی 185جبکہ ہول سیل 180روپے کلو میں فروخت جاری ہے۔

راولپنڈی میں سرکار کی مقرر قیمت 179 روپے کلو ہے جبکہ دکانوں پر 181 روپے سے 190 روپے کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

سرکار کی مقرر قیمت پر چینی کی فروخت ایک مسئلہ بن گئی ہے، اس حوالے سے صدر کریانہ ایسوسی ایشن سلیم پرویز بٹ نے کہا کہ پرچون میں چینی 185 روپے بھی بمشکل فروخت کرتے ہیں، پیرا فورس سرکاری قیمت سے زیادہ ریٹ پر جرمانے کرنے لگی۔

صدر کریانہ ایسوسی ایشن نے کہا کہ چینی کی عدم دستیابی اور بھاری جرمانے کیے جارہے ہیں، اگر چینی ضرورت کے مطابق سپلائی نہیں کی جاتی تو فروخت بند کردیں گے۔