پاکستان کو عالمی بلیو اکانومی کا اہم کھلاڑی بنانا ہدف ہے: وفاقی وزیر بحری امور

Published On 01 November,2025 05:34 pm

کراچی:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لیے 5 نکاتی حکمتِ عملی کا اعلان کیا۔

شہر قائد میں پاکستان میری ٹائم ویک 2025 کی افتتاحی تقریب سے جنید انورچودھری کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تین نئی بندرگاہیں قائم کریں گے، آئندہ تین سالوں میں پی این ایس سی کے جہازوں کی تعداد 60 تک بڑھا دیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی بلیو اکانومی کا اہم کھلاڑی بنانا ہدف ہے، جدید انٹیگریٹڈ میری ٹائم کمپلیکس قائم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ جہاز سازی، ری سائیکلنگ اور گرین ٹیکنالوجی کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، 12 ارب روپے کے گڈانی پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے، بندرگاہی برادری کے بچوں کے لیے تعلیمی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔

جنید انوار چودھری نے مزید کہا کہ کہ سمندری فریٹ بل کم کرنے کے لیے پی این ایس سی کے بیڑے کا حجم بڑھایا جائے گا، میری ٹائم سیکٹر کا قومی جی ڈی پی میں حصہ 0.8 سے بڑھا کر 4 فیصد کرنے کا ہدف مقرر ہے۔2047 سے قبل تمام بندرگاہوں کو مکمل آپریشنل صلاحیت تک پہنچانا ہدف ہے۔