کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے بعد 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ملزمان کے قبضے اسلحہ، چھینا ہوا سامان، موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
تیموریہ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، پولیس نے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور جمشید کوارٹر سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
ادھر ڈیفینس پولیس نے ڈی ایچ اے قبرستان کے قریب مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کرلئے گئے، مقابلے کے دوران ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
ابراہیم حیدری پولیس کا بھی نظیر چوک کے قریب ملزموں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا اور موقع سے ملزم کا ساتھی فرار ہو گیا، پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد کرلی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گرفتار تمام ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔



