پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ ضروری نہیں بیٹنگ کوچ پاکستان سے ہی منتخب کیا جائے، کرکٹ بحالی کیلئے 3 ممالک سے بات چل رہی ہے، امید ہے جلد مثبت نتائج سامنے آئینگے۔
ساہیوال: کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چودھری ذکاء اشرف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے دو تین ملکوں سے بات چیت چل رہی ہے۔ امید ہے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ساہیوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ آئی سی سی بھی پاکستان میں کرکٹ کی جلد بحالی چاہتی ہے جبکہ کرکٹ کھیلنے والے ملک سوچ رہے ہیں کہ پاکستان جانے میں پہل کون کرے؟ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خواہ کسی جماعت کی ہو کرکٹ کی بحالی کے لئے سیکورٹی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ بھارت میں پاکستانی کھلاڑیوں کو کسی تنظیم سے خطرہ نہیں۔ بال ٹھاکرے بیمار تھے تو فون پر ان کی خیریت دریافت کی تھی۔ انہوں نے کہا ضروری نہیں کہ بیٹنگ کوچ پاکستان سے ہو۔ محمد آصف اور دیگر کھلاڑیوں کی سزا معاف ہوگئی تو انہیں کھلانے پر غور کرسکتے ہیں۔