پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا پہلا مرحلہ ختم ہوگیا ہے۔ 6 ٹیموں میں سے دو ملتان سلطانز اور لاہور قلندر ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں جبکہ پوائنٹس کے حساب سے اسلام آباد پہلے، کراچی دوسرے، پشاور تیسرے اور کوئٹہ چوتھے نمبر ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے کیلئے پاکستان آنے کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں میں کوئی انکار کر رہا ہے تو کسی نے لاہور آنے کی نوید سنا دی۔
پشاور زلمی کے تمام کھلاڑی بھی پاکستان آنے پر راضی ہو گئے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ریلے روسو نے بھی انکار کر دیا اور کیون پیٹرسن کہتے ہیں کہ اہل خانہ نے جانے سے منع کر دیا ہے۔ دونوں اسٹارز کی جگہ سری لنکا کے تھیسارا پریرا اور جنوبی افریقہ کے کرِس گرین نے پاکستانی آنے کی حامی بھر لی ہے۔
کراچی کنگز کے اوئن مورگن کے سوا تمام کھلاڑیوں پاکستان آنے کو تیار ہیں جبکہ سلام آباد یونائیٹڈ کے سمت پٹیل، چیڈوک والٹن، لیوک رانکی، سمیول بدری، جے پی ڈومینی نے پاکستان آنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے تاہم تین کھلاڑیوں الیکس ہیلز، اسٹیون فن اور سیمبلنگز نے پاکستان جانے سے انکار کر دیا ہے۔
پلے آف میں پہلا میچ دبئی میں کل اتوار کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان رات 10 بجے ہوگا۔ دوسرا مقابلہ 20 مارچ منگل کو لاہور میں پشاور زلمی اور کوئٹہ کے درمیان ہوگا۔ تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے میچ 21 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جب کہ فائنل 25 مارچ اتوار کو کراچی میں ہوگا۔