شارجہ کے تاریخی میدان میں کامران اکمل نے تاریخ ساز اننگز کھیلی۔ میچ کے ہیرو اور ساتھ ہی ٹی 20 کرکٹ میں پانچ ہزار رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی بلے باز کا اعزاز بھی پا لیا ۔ لاہور قلندرز کے خلاف اہم میچ میں وکٹ کیپر بیٹسمین ٹانگ میں انجری کے باوجود ڈٹے رہے، انہوں نے 59 گیندوں پر 10 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے سینچری مکمل کی۔
کامران اکمل ایک سو سات رنز کی میچ وننگ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ آئےاور مین آف دی میچ قرار پائے۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ پی ایس ایل سیکنڈ کے بعد تھرڈ ایڈیشن کے بھی سنچری میکر بنے۔ کامران اکمل نے پی ایس ایل تھری میں اب تک 10 میچز میں ایک سنچری اور 3 نصف سنچریوں کے ساتھ 347 رنز بنائے ہیں جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن 319 رنز کے ساتھ دوسرے، کراچی کنگز کے بابر اعظم 310 رنز کے ساتھ تیسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی 289 رنز کے ساتھ چوتھے اور لاہور قلندرز کے فخرزمان 277 رنز کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
کامران اکمل نے ساتھ ہی ٹی 20 کرکٹ میں مجموعی طور پر پانچ ہزار رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی بلے باز ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔