پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے ویسٹ انڈین آف اسپنر سنیل نارائن کے بولنگ ایکشن کو میچ آفیشلز نے قواعد وضوابط کے برخلاف قرار دے دیا ہے۔ سنیل نارائن کے بولنگ ایکشن کے بارے میں رپورٹ امپائرز نے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کے دوران دی ہے۔ یہ میچ بدھ کی رات شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ سنیل نارائن کو فی الحال وارننگ لسٹ میں رکھا گیا ہے اور وہ پاکستان سپر لیگ میں کھیل سکتے ہیں اور بولنگ کرسکتے ہیں لیکن اگر وارننگ لسٹ میں رہتے ہوئے ان کا بولنگ ایکشن دوبارہ قواعد وضوابط کے برخلاف قرار پایا تو انھیں پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں بولنگ کرنے سے روک دیا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کا اب صرف ایک میچ پشاور زلمی کے خلاف باقی ہے۔سنیل نارائن کے بولنگ ایکشن سے متعلق امپائرز کی رپورٹ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کو بھیجی جائے گی اور انھیں مشکوک بولنگ ایکشن سے متعلق ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے قواعد وضوابط کے عمل سے گزرنا ہوگا۔2014 کی چیمپیئنز لیگ ٹی ٹوئنٹی کے دوران ان کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ فائنل نہیں کھیل سکے تھے۔2015 میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیا گیا جس پر انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا تھا ۔ یہ معطلی اپریل دو ہزار سولہ میں ختم ہوئی تھی۔