لاہور (دنیا نیوز) پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے سے پہلے آخری دو میچ آج کھیلے جائیں گے، پشاور زلمی کا لاہور قلندرز سے مقابلہ ہوگا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کراچی کنگز کے مد مقابل ہو گی، پشاور اور کراچی کی جیت سلطانز کو ایونٹ سے باہر کر دے گی۔
سپرلیگ میں آج کانٹے دار مقابلے ہوں گے۔ مین راؤنڈ کے آخری 2 میچز میں ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ شام ساڑھے چار بجے پشاور زلمی کا لاہور قلندرز سے مقابلہ ہوگا۔ دفاعی چیمپئن کو پلے آف مرحلے تک رسائی کے لئے لازمی فتح درکار ہے۔
دونوں کے درمیان پہلے میچ میں سیمی الیون نے قلندرز کو دس وکٹوں سے ہرایا تھا۔ رات 9 بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کِنگز میں جوڑ پڑے گا۔ اس سے پہلے مصباح الیون عماد وسیم اینڈ کمپنی کو 8 وکٹوں سے ہرا چکی ہے۔ پشاور زلمی کراچی کنگز اور ملتان سلطانز میں سے ایک ٹیم آج باہر ہو جائے گی۔