لاہور (دنیا نیوز ) کرکٹ ورلڈ کپ 1992 میں پاکستان کی نا قابل یقین فتح کے 26 برس مکمل ہو گئے، لیجنڈ عمران خان کی کپتانی میں قومی ٹیم کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ شائقین کرکٹ کیلئے آج بھی وہ لمحات ناقابل فراموش ہیں۔ ورلڈ کپ 1992 صرف پاکستان نہیں کرکٹ کی تاریخ میں بھی خاص حیثیت رکھتا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں نوجوان ٹیم نے حیران کن پرفارمنس دی۔
سیمی فائنل میں کیویز کو زیر کیا، پھر انگلینڈ کے خلاف میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل کا میدان سجا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو ابتدائی 2 وکٹوں کا نقصان جلد برداشت کرنا پڑا۔ کپتان عمران خان اور جاوید میانداد نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ انضمام الحق نے بھی بیالیس رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کو ڈھائی سو رنز کا ہدف ملا تو وسیم اکرم نے تباہ کن بائولنگ کی، تین وکٹیں لے کر انگلش بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ عمران خان نے انگلینڈ کی آخری وِکٹ گرا کر تاریخی فتح حاصل کی۔ شائقین کیلئے وہ لمحات آج بھی ناقابل فراموش ہیں۔