کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق میچ دیکھنے کے لئے آنے والوں کے لئے سات مخصوص مقامات پر پارکنگ رکھی گئی ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز سریز کی تیاریاں عروج پر ہیں، ایسے میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ ٹریفک پلان کے مطابق میچز کے روز شارع فیصل پر کارساز سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہو گی اور گاڑیوں کو ڈرگ روڈ اور وہاں سے راشد منہاس روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ترتیب دیے گئے پلان کے مطابق راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم جانے والی سڑک بھی بند رکھی جائے گی اور نیپا سے مزار قائد تک یونیورسٹی روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی بند رہےگی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد دس نمبر سے نیشنل اسٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہو گی اور وہاں سے آنے والی ٹریفک کو کریم آباد اور عائشہ منزل کی طرف موڑا جائے گا۔ ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس کہتے ہیں سڑکیں بند کرنے کے اوقات میں تبدیلی کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق میچ دیکھنے کے لئے آنے والوں کے لئے سات مخصوص مقامات پر پارکنگ رکھی گئی ہے جن میں گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ ، سنڈے بازار گراؤنڈ ، ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گراؤنڈ ، کشمیر روڈ پر کے ایم سی گراؤنڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنا گراؤنڈ شامل ہیں ۔ پارکنگ ایریا میں شائقین کے لئے بیٹھنے کے کیمپس میں کرسیاں اور واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔