پہلا ٹی20: مہمان ٹیم کی ٹاس جیت کر شاہینوں کو بلے بازی کی دعوت

Last Updated On 01 April,2018 08:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں 9 سال بعد عالمی کرکٹ کی واپسی، میچ میں مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان سپرلیگ کے بعد کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز اور قومی کرکٹ ٹیم آمنے سامنے، پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ ٹاس جیتنے کے بعد مہمان ٹیم کے کپتان جیسن محمد کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کا جوش و ولولہ قابل دید ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار نظر آ رہی ہے اس لیے ہم ہدف کا تعاقب کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں چند سینئرز لیکن اکثر تعداد جونیئرز کی ہے جن کے پاس صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی لگ رہی ہے اس لیے کوشش ہوگی کہ اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے 160 کے قریب کا مجموعہ بنائیں۔ میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے دو، دو کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا ہے۔

پاکستان کی جانب سے حسین طلعت اور آصف علی ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز نے کیمو پال اور ویراسامی ہرمال کو ڈیبیو کرایا ہے۔