پہلے ٹی ٹونٹی کی خاطر کارساز، لیاقت آباد اور راشد منہاس روڈ سے نیشنل سٹیڈیم جانے والی سڑک بند
کراچی (دنیا نیوز ) پاکستان اور ویسٹ انڈیز سیریز کی تیاریاں عروج پر ہیں، ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی۔ ٹریفک پلان کے مطابق میچز کے روز شارع فیصل پر کارساز سے نیشنل سٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہوگی اور گاڑیوں کو ڈرگ روڈ اور وہاں سے راشد منہاس روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ترتیب دیئے گئے پلان کے مطابق راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا روڈ سٹیڈیم جانے والی سڑک بھی بند رکھی جائےگی اور نیپا سے مزار قائد تک یونیورسٹی روڈ اور نیو ایم اے جناح روڈ بھی بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد دس نمبر سے نیشنل سٹیڈیم جانے والی سڑک ٹریفک کے لئے بند ہوگی اور وہاں سے آنے والی ٹریفک کو کریم آباد اور عائشہ منزل کی طرف موڑا جائے گا۔ ڈی آئی جی ٹریفک عمران یعقوب منہاس کہتے ہیں سڑکیں بند کرنے کے اوقات میں تبدیلی کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق میچ دیکھنے کے لئے آنے والوں کے لئے سات مخصوص مقامات پر پارکنگ رکھی گئی ہے جن میں گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ، اردو یونیورسٹی گراؤنڈ، سنڈے بازار گراؤنڈ، ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گراؤنڈ، کشمیر روڈ پر کے ایم سی گراؤنڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنا گراؤنڈ شامل ہیں ۔ پارکنگ ایریا میں شائقین کے لئے بیٹھنے کے کیمپس میں کرسیاں اور واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں۔