کراچی: (دنیا نیوز) صنعتی علاقوں میں رات کے اوقات میں 5 گھنٹے بجلی کی بندش سے پیداوار بری طرح متاثر ہورہی ہے، کراچی چیمبر کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ایکسپورٹرز کو نقصان ہورہا ہے۔
کراچی چیمبر کے جاری اعلامیئے کے مطابق لوڈشیڈنگ کے باعث ایکسپورٹرز کو بروقت آرڈر پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاجروں نے وفاقی اورصوبائی حکومت سے سوال کیا ہے کہ سوئی سدرن اور کے الیکٹرک کے درمیان تنازعے کی سزا صنعتکاروں کو کیوں مل رہی ہے؟ کاروباری برادری کا کہنا ہے کہ صنعتی یونٹس کی پیداوار متاثر ہونے سے معیشت کو خسارہ ہورہا ہے۔
صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو مجبورا مزدوروں کو فارغ کرنا پڑے گا، جس سے بے روزگاری بڑھے گی۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ جون 2015 میں بھِی ایسی صورتحال تھی کہ جب شدید گرمی میں بجلی کی بندش کے باعث ہیٹ سٹروک کا شکار ہونے سے سینکڑوں لوگ جان سے گئے۔