لاہور: (دنیا نیوز) فاسٹ باولر عثمان شنواری یویو ٹیسٹ مکمل نہ کر سکے۔ اسلام یونائیٹڈ سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز منگل کو ٹیسٹ دیں گے، لیگ اسپنر یاسر شاہ انجری کی وجہ سے سیریز سے آؤٹ ہو گئے۔
آئر لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے بیشتر کرکٹرز نے فٹنس ٹیسٹ کا مشکل مرحلہ پار کر لیا۔ دو کلومیٹر دوڑ میں فاسٹ باولر حسن علی، محمد رضوان، بابر اعظم ، فواد عالم اور فخر زمان تیز دوڑے جب کہ تمام کرکٹرز نے مقررہ فاصلہ نو منٹ میں طے کیا۔ یویو ٹیسٹ میں عثمان شنواری کے علاوہ تمام کرکٹر کامیاب ٹھہرے، فاسٹ باولر منگل کو دوبارہ ٹیسٹ دیں گے۔ یویو ٹیسٹ میں محمد رضوان سب سے زیادہ فٹ قرار پائے۔
منگل کا دن بھی کرکٹرز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں گزاریں گے جنہیں جم اور فیلڈنگ ٹیسٹ کے مرحلے پار کرنے ہوں گے۔ اسلام آباد یونائٹڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی دوسرے روز میدان میں اتریں گے۔ فاسٹ باولر محمد عباس اور شان مسعود کیمپ میں دکھائی نہیں دیئے۔ تجربہ کار لیگ اسپنر یاسر شاہ گروئن انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے ، ان کی جگہ شاداب خان، بلال آصف اور کاشف بھٹی کو کیمپ میں بلا لیا گیا ہے۔ دوسری جانب آل راونڈر محمد حفیظ باولنگ ایکشن ٹیسٹ ممکنہ طور پر سترہ اپریل کو انگلینڈ میں دیں گے اس حوالے سے حتمی فیصلہ ایک دو روز میں ہوجائے گا۔