کنٹربری: (روزنامہ دنیا) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ سیریز سے قبل وارم اپ میچز ماحول سے ہم آہنگی کیلئے اہم ثابت ہوں گے، محمد عامر سے بڑی توقعات ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انگلینڈ کو مشکل حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نوجوان کرکٹرز پر پورابھروسہ ہے کہ وہ ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ کنٹر بری کے سینٹ لارنس گراؤنڈ میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا کانفرنس میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ انگلینڈ آسان حریف نہیں لیکن وہ اس کیخلاف نوجوان پاکستانی پلیئرز کی کارکردگی دیکھنے کیلئے بیتاب ہیں، میزبان ٹیم اپنے میدانوں پر خطرناک حریف ثابت ہوتی ہے لیکن وہ اچھی اور مثبت کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، گرین شرٹس سکواڈ میں بہت سارے ناتجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں جن کا کھیل دیکھنے کیلئے پرجوش ہیں کیونکہ پاکستانی ٹیم نے مشکل حریف کا مقابلہ کرنے کیلئے سخت محنت کی ہے، سیریز سے قبل وارم اپ میچز ماحول سے ہم آہنگی کیلئے اہم ثابت ہوں گے، محمد عامر سے اس دورے میں بڑی توقعات ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی سکواڈ میں نوجوان مگر باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں جو کسی بھی وقت کچھ کر کے دکھا سکتے ہیں لیکن چونکہ انگلش ٹیم بہت اچھی ہے اور اسے اپنی ہوم کنڈیشنز کا ایڈوانٹیج بھی حاصل ہے تو اس کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی بہترین کرکٹ کھیلنا ہو گی خاص کر اس سرد موسم میں انہیں زیادہ محنت درکار ہو گی۔
قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم نے کنٹربری میں بھرپور ٹریننگ کا آغاز کر دیا۔ گزشتہ روز صبح ساڑھے نو سے ساڑھے بارہ بجے تک قومی کرکٹرز نے جم کر ٹریننگ اور پریکٹس کی اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارا۔ تمام پاکستانی کھلاڑیوں نے سخت ڈرلز بھی کیں اور فٹنس کیلئے ورزشوں کا بھی سہارا لیا گیا جبکہ بعد میں نیٹ سیشن کے دوران بیٹنگ،باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں بھی کی گئیں۔ فاسٹ باؤلر محمد عامر گزشتہ صبح لاہور سے انگلینڈ روانہ ہوگئے ۔قومی کرکٹ ٹیم اتوار اور پیر کی درمیانی شب دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے روانہ ہوئی تھی تاہم محمد عامر ویزا مسائل کی وجہ سے ٹیم کے ساتھ نہیں جاسکے تھے ۔پی سی بی کے جی ایم میڈیا رضا راشد نے میڈیا کو بتایا محمد عامر بدھ کی صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے انگلینڈ روانہ ہوگئے ہیں اور کنٹربری میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے ۔