کراچی( آن لائن ) محکمہ جنگلی حیات سندھ نے شاہد آفریدی کے گھر شیر کی موجودگی کانوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کاحکم دے دیا۔
چندروز قبل شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر دو تصاویر شیئر کی تھیں جن میں سے ایک تصویر میں شاہد آفریدی کےگھر میں شیر نظر آرہا تھا۔ ان تصویروں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہوگیا اور صارفین نے انہیں اس قدر تنقید کا نشانہ بنایا کہ محکمہ جنگلی حیات سندھ نے بھی ان کے گھر میں شیر کی موجودگی کانوٹس لیتے ہوئےمعاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
محکمہ سندھ جنگلی حیات کے نگران تاج محمد شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے شاہد آفریدی کے گھر میں شیر کی موجودگی پر تحقیقات کا حکم دیا تھا اور اگر شاہد آفریدی مجرم ثابت ہوتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Great to spend time with loved ones. Best feeling in the world to have my daughter copy my wicket taking celebrations. And yes don't forget to take care of animals, they too deserve our love and care :) pic.twitter.com/CKPhZd0BGD
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) June 9, 2018
تاج محمد شیخ سے جب پوچھا گیا کہ شاہد آفریدی کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو اس حوالے سے خبردار کیا جاسکتا ہے اور ان پر جرمانہ بھی لگایا جاسکتا ہے کیونکہ گھر میں جنگلی جانور رکھنا خطرناک ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ تصویر میں شاہد آفریدی کی بیٹی اپنے والد کی طرح پوز بنائے کھڑی ہے اور اس کے پیچھے ایک افریقن شیر گھر میں زنجیر سے بندھا نظر آرہا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک اور تصویر میں شاہد آفریدی شیر کے بالکل قریب فرش پر بیٹھے ہیں اور ان دونوں کے درمیان کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی۔