لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے علاقے گلبرگ ميں گھر سے مياں بيوی اور بچے کی لاشيں مليں، مقتولين کو تشدد کرکے قتل کيا گيا۔ پوليس نے تہرے قتل کی واردات کے محرکات جاننے کے ليے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتيش شروع کردی۔
لاہور کے علاقے گلبرگ میں تہرے قتل کی واردات، نديم بٹ اس کی اہليہ نيلم اور 9 سالہ بيٹے فائق کو قتل کرنے کا انکشاف تب ہوا جب گھر کے سربراہ نديم کی بہن فون کالز کا جواب نہ دينے پر ڈوپلکيٹ چابی سے گھر کا لاک کھول کر اندر داخل ہوئیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ مقتولين عرصہ دراز سے اسی مکان ميں رہائش پذير تھے اور پڑوسيوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے باوجود ملنا جلنا کم تھا۔
جائے وقوعہ سے کھانے کی اشياء، فنگر پرنٹس، فٹ پرنٹس اور ديگر اہم شواہد اکھٹے کر ليے گئے ہیں ليکن آلہ قتل نہيں ملا۔ پوليس نے مختلف پہلووں پر واردات کی تفتيش شروع کردی ہے۔ فرانزک شواہد، قريبی رشتہ داروں کے بيانات اور مقتولين کے موبائل فون رابطوں کی تفصيلات کی روشنی ميں پوليس نے تہرے قتل کے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششيں شروع کردی ہيں۔