فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ایک ہفتہ قبل سرگودھا روڈ پر واقع بس ٹرمینل پر فائرنگ سے بس ہوسٹس کے قتل ہونے کے واقعہ کی سی سی ٹی وی دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکر مقدمہ کا اندراج کرلیا ہے۔
تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ بولے کی جھگی سٹاپ پر واقع بس ٹرمینل پر کام کرنے والی بس ہوسٹس مہوش سے ملزم عمردراز شادی کرنا چاہتا تھا۔ مہوش کی جانب سے شادی سے انکار پر ملزم طیش میں آگیا اور مہوش کا پیچھا کرتے ہوئے بس سٹینڈ پر پہنچ گیا۔ جہاں ملزم عمردراز اور مہوش کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔
ملزم نے فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کردیا، جسے زخمی حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں وہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ کا اندراج کر لیا ہے۔