فیصل آباد میں بس ہوسٹس کا قتل، نگران وزیرِاعلی پنجاب کا نوٹس

Last Updated On 17 June,2018 07:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں بس ہوسٹس کے قتل کے واقع پر نگران وزیرِاعلی پنجاب حسن عسکری نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہے۔

فیصل آباد میں 9 جون کو سرگودھا روڈ پر واقع نجی بس سٹینڈ پر ملزم عمر دراز نے شادی کے انکار پر بس ہوسٹس مہوش پر فائر کھول دیا تھا جو مقتولہ کے پیٹ میں لگا۔ بس سٹینڈ انتظامیہ نے اسے شدید زخمی حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

اس واقعہ پر تھانہ سرگودھا روڈ پولیس نے مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کیا جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے لیکن تاحال باقاعدہ طور پر گرفتاری نہیں ڈالی گئی۔

واقعہ پر نگران وزیرِاعلی پنجاب حسن عسکری نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور مقتولہ کے خاندان کو انصاف کی مکمل فراہمی دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اس سے قبل ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے اپنے ٹویٹ میں نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ دوسروں پر ہمہ وقت تنقید کرنے والے نگران وزیرِاعلیٰ پنجاب اس واقعے پر خاموش کیوں ہیں۔

انہوں نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ وہ اس سنگین اور لرزہ خیر سانحے کا نوٹس لے اور بس ہوسٹس مہوش کے قاتل کو دہشتگردی کے قانون کے تحت چالان کیا جائے اور کیس کا فیصلہ روزانہ کی بنیاد پر روزانہ سماعت کر کے جلد از جلد کیا جائے۔