راولپنڈی (دنیا نیوز ) رمضان المبارک رحمتوں کا مہینہ بھی راولپنڈی والوں پر بھاری رہا۔ ایک ماہ کے دوران ڈاکٹر اور ٹریفک وارڈن سمیت آٹھ افراد کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ ماہ رمضان میں راولپنڈی شہر میں جرم کا بازار گرم رہا۔
ایک ماہ میں ڈاکٹر اور ٹریفک وارڈن سمیت 8 افراد بے دردی سے قتل جبکہ شہری لاکھوں روپے کی جمع پونجی سے محروم ہوگئے، پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ شہر کی مصروف ترین کمرشل مارکیٹ میں واقع نجی کلینک میں بیٹھے ڈاکٹر نوشاد کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔
قائد اعظم کالونی میں ڈاکوئوں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ گوجر خان ،ٹیکسلا اور صادق آباد میں بھی ڈاکوئوں نے مجموعی طور پر چار افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
کمیٹی چوک میں کار سوار نے ٹریفک وارڈن سمیت دو افراد کو قتل کر دیا۔ شہری مرتے اور لٹتے رہے لیکن پولیس کسی کے زخموں پر بھی مرہم نہ رکھ سکی۔ خونی رمضان کے بعد اب پولیس کا دعویٰ ہے کہ عید کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دئیے گئے ہیں۔