بھارت کا ایشیا کپ کے شیڈول پر ایک بار پھر اعتراض

Last Updated On 09 August,2018 11:12 am

لاہور (دنیا نیوز ) بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کی جانب سے ایشیا کپ کے شیڈول پر اعتراضات اٹھا دیئے گئے ہیں اور اس شیڈول پر دوبارہ نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایک اہم اجلاس میں ایشیا کپ کے شیڈول کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ۔ بھارتی بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ اس کا مقابلہ 19 ستمبر کو دوبئی میں ہو رہا ہے جس سے قبل پاکستانی ٹیم کو دو دن کے آرام کا موقع مل جائے گا ،

لیکن اس کے ساتھ ساتھ بھارتی کرکٹ ٹیم کو مسلسل دو روز میچز کھیلنا پڑیں گے۔ بھارتی بورڈ کا مطالبہ تھا کہ اسے بھی میچ سے قبل آرام کا موقع دیا جانا چاہیئے تاکہ وہ بھی میچ میں تازہ دم ہو کر حصہ لے سکیں۔

ایشیا کپ کا آغاز 15 ستمبر سے دوبئی میں ہو رہا ہے جس میں پاکستان ، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں۔