زلمی آزادی کپ کے افتتاحی میچز کل کھیلے جائیں گے

Last Updated On 06 August,2018 07:03 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پہلا زلمی آزادی کپ کل پشاور میں شروع ہو گا ، افتتاحی تقریب اور ایونٹ کے دو میچز کل ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں کھیلیں جائیں گے، زلمی آزادی کپ کو تمام شہدا اور افواج پاکستان کے نام کرتے ہیں ، جاوید آفریدی۔

پاکستان سپر لیگ کی نمبرون فرنچائز پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام زلمی آزادی کپ کل سے خیبر پختونخواہ میں شروع ہو رہا ہے۔ زلمی آزادی کپ سات سے چودہ اگست تک خیبر پختونخواہ میں منعقد ہو گا جس میں صوبے بھر سے ساٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی اور ایونٹ میں ہزار سے زائد نوجوان کرکٹرز شریک ہوں گے ۔

پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ ہنڈرڈ پچز پراجیکٹ اور زلمی اسکول لیگ کے بعد زلمی مدرسہ لیگ اور اب زلمی آزادی کپ کا انعقاد جہاں صوبے میں نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کا اظہار کا موقع دے گا وہیں نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئیگا ۔ جشن آزادی کے موقع پر آزادی کپ کا انعقاد پشاور زلمی کا پاکستان اور خیرپختونخواہ کی عوام کے لیے تحفہ ہے ۔ زلمی آزادی کپ کے پہلے ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں دو میچز کھیلیں جائیں گے ۔ پہلے میچ میں نوشہرہ بلیوز اور پشاور بلیوز مدمقابل ہوں گے۔ دوسرے میچ میں پشاور گرینز اور چارسدہ گرینز آّمنے سامنے ہوں گے۔

ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب تین بجے ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور میں ہو گی جس میں پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ محمد اکرم ، پشاور زلمی کے نوجوان کرکٹرز ثمین گل اور محمد عارف بھی شریک ہوں گے۔ محمد اکرم میڈیا کو پشاور زلمی کی سالانہ سرگرمیوں اور اہم پروگرامز کے بارے میں آگاہ کریں گے۔