فلوریڈا (دنیا نیوز ) امریکی سرزمین پر بنگال ٹائیگرز نے تیسرے ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیریز دو ایک سے جیت لی، بارش کے باعث بنگلا دیش کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 19 رنز سے فتح ملی۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں کرکٹ کا میلہ سجا تو تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں ویسٹ انڈین بلے باز بنگالی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔ 185 رنز کا ہدف کالی آندھی کیلئے درد سر بن گیا، کیریبین بلے باز ایک کے بعد دوسری وکٹ گنواتے رہے۔
18ویں اوور میں بادلوں نے بھی ویسٹ انڈین ٹیم پر رحم نہ کیا، اتنا برسے کہ میچ کو وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا، بنگلا دیش ٹیم ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 19 رنز سے نہ صرف کامیاب ہوئی بلکہ ٹی ٹونٹی سیریز بھی دو ایک سے جیت لی۔