ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان 282 پر آؤٹ، آسٹریلیا کے 2 وکٹوں پر 20 رنز

Last Updated On 16 October,2018 09:15 pm

ابو ظہبی: (دنیا نیوز) ابو ظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان ٹیم 282رنز پر آؤٹ ہو گئی، فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نروس نائینٹیز کا شکار ہوئے،آسٹریلیا نے 2وکٹ پر 20رنز بنا لئے۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا اور لنچ سے پہلے ہی آدھی ٹیم صرف 57 رنزپر پویلین واپس لوٹ گئی۔

پاکستان کیجانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے اوپنر فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا۔ حفیظ چوتھے ہی اوور میں مچل اسٹارک کا شکار بن گئے وہ صرف 4 رنز بناسکے جس کے بعد اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے اور فخر زمان کے ساتھ ملکر 52 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس کے بعد آسٹریلین اسپنر ناتھن لیون نے کسی کی چلنے نہ دی اور صرف 6 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر پاکستانی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ اظہر علی 15 رنز پر ناتھن لیون کا شکار بنے جب کہ اسپنر نے حارث سہیل، اسد شفیق اور بابر اعظم کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہ دی۔ کھانے سے وقفے سے قبل ہی آدھی ٹیم کے صرف 57 رنز پر پویلین لوٹ جانے کے بعد کپتان سرفراز خود بیٹنگ کے لیے آئے اور اوپننگ بلے باز فخرزمان کے ساتھ ملکر محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ فخر زمان اور کپتان سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ پر 147 رنز جوڑے۔ اپنے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فخر زمان سنچری نہ بناسکے اور ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنا کر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز بلال آصف نے جن کی اننگز صرف 12 رنز تک محدود رہی جب کہ کپتان سرفراز احمد بھی 247 کے مجموعے پر ہمت ہار گئے، انہوں نے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ لیبسچگنی نے 3 اور مچل اسٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کی پہلی اننگز کے 282 رنز کے جواب میں بیٹنگ شروع کی تو محمد عباس کی نپی تلی بالنگ کے باعث کینگروز کے 2 کھلاڑی صرف 20 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، اوپنر عثمان خواجہ 3 اور نائٹ واچ مین پیٹر سڈل 4 رنز پر چلتے بنے جس کے بعد کھیل ختم کردیا گیا۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے زخمی اوپنر امام الحق کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو آج سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کر رہے ہیں۔پاکستان کی جانب سے میر حمزہ بھی ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی ہیں جنہیں وہاب ریاض کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، بلال آصف، محمد عباس، یاسر شاہ، میر حمزہ پر مشتمل ہے۔ ٹم پین کی قیادت میں آسٹریلوی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، دبئی ٹیسٹ کی گیارہ رکنی ٹیم ہی ابوظہبی ٹیسٹ میں جلوہ گر ہوگی۔ کینگروز ٹیم عثمان خواجہ، ایرون فنچ، شان مارش، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، لیبسچگنی، کپتان ٹم پین، مچل اسٹارک، پیٹر سڈل، نیتھن لیون اور جیمز ہولاند شامل ہیں۔ واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔