دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو دو رنز اور دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، حالیہ اور تیسرا میچ پاکستان نے 47 رنز سے اپنے نام کیا۔
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلی گئی ٹی ٹونٹی سیریز کے تیسرے اور فائنل میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فتح کا تاج اپنے سر پر دوبارہ سجا لیا ہے۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا لیکن کپتان کین ویلمسن کے علاوہ کوئی اور بلے باز پاکستانی باؤلرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔
کیوی کپتان کین ویلمسن نے 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے صرف 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 60 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں فلپس 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ وقاص مقصود اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 167 کے ہدف کے تعاقب میں سولہ اعشاریہ پانچ اوورز میں 119 رنز بنا سکی، یوں پاکستان نے تیسرا ٹی ٹونٹی 47 رنز سے جیت کر سیریز اپنے نام کر لی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔
پاکستانی بلے بازوں نے اس میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔ اوپنر بابر اعظم نے اس میچ میں انڈیا کے لیجنڈ بلے باز ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑتے ہوئے اپنے ایک ہزار رنز مکمل کیے۔
ویرات کوہلی نے یہ سنگ میل 27 اننگز میں حاصل کیا تھا جبکہ پاکستان کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے اسے صرف 26 اننگز میں پورا کرکے ریکارڈ اپنے نام کیا۔ بابر اعظم نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے نصف سینچری سکور کی، انہوں نے چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔
پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف دیا تھا۔