ابو ظہبی: (دنیا نیوز) ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 153 رنز پر ڈھیر ہوگئی تاہم پاکستانی ٹیم اس کا بھرپور فائدہ نہیں اٹھاسکی اور 227 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
آج پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز کا اسکور 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 59 رنز سے آگے بڑھایا تو اظہر علی نے 10 اور حارث سہیل نے 22 رنز پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں کھلاڑی زیادہ دیر تک کریز پر نہ ٹک سکے اور 91 رنز کے مجموعے پر پاکستان کی دو وکٹیں گرگئیں۔
اس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 74 رنز کی سبقت کے ساتھ 227 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے اسد شفیق 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ اسد شفیق نے 43 اور حارث سہیل نے 38 کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے 54 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے گذشتہ روز ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کہ پاکستانی بولرز نے غلط ثابت کردیا اور کیویز کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 153 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ بلال آصف 13 اوورز میں 33 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف آٹھ سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز کی جیت کا انتظار ہے، 2011 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ایک صفر سے شکست دی تھی اور دونوں ٹیموں کے درمیان چار سال پہلے امارات میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔
دونوں ملکوں کے درمیان اب تک 55 ٹیسٹ میچز ہوئے ہیں جن میں سے پاکستان نے 24 اور نیوزی لینڈ نے 10 جیتے جبکہ 21 میچ ڈرا رہے۔