پاکستانی پیس بیٹری کی انوی ٹیشن الیون کیخلاف آزمائش شروع

Last Updated On 20 December,2018 12:31 pm

بینونی: (روزنامہ دنیا) پاکستانی پیس بیٹری کی کرکٹ جنوبی افریقہ انوی ٹیشن الیون کے خلاف ٹور میچ میں آزمائش شروع ہو گئی۔کپتان مارکوس ایکر مین کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت میزبان ٹیم نے سات وکٹوں پر 318رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئرڈ کرنے کا اعلان کیا۔

تجربہ کار فاسٹ باؤلر محمد عامر اور حسن علی ٹیم مینجمنٹ کو متاثر نہ کر سکے۔ ولو مور پارک میں کرکٹ جنوبی افریقہ انویٹیشن الیون نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی اور سات وکٹوں پر 318رنز بنا کر پہلی اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کپتان مارکوس ایکر مین 103رنز پر نمایاں رہے۔ جوشوا رچرڈز نے 98 رنز بنائے۔

فہیم اشرف اور اظہر علی نے دو، دو مہرے کھسکائے جبکہ محمد عامر، حسن علی، حارث سہیل کو ایک ایک وکٹ پر اکتفا کرنا پڑا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے پہلے دن کھیل ختم ہونے تک بغیر نقصان دو رنز بنالئے تھے اور اسے سکور برابر کرنے کیلئے مزید 316 رنز درکار ہیں۔ امام الحق اور فخر زمان ایک، ایک رن پر کھیل رہے ہیں۔