علی ترین کی پی ایس ایل میں انٹری، سوشل میڈیا پر موضوع بحث

Last Updated On 21 December,2018 05:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کی جانب سے پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی خریداری کے بعد سوشل میڈیا پر طنز و مزاح سے بھرپور ٹویٹس سامنے آنے لگیں۔

ایک صارف نے ٹویٹ کی کہ "علی ترین نے ٹیم کے حقوق خرید لیے ہیں، جتنے بھی آزاد کھلاڑی گھوم رہے ہیں تیار ہو جائیں، جہاز آتا ہی ہو گا۔

ایک صارف نے تو ہیلی کاپٹر کو گراؤنڈ میں اتارنے کی تصویر لگا کر لکھا کہ چھٹی پی ایس ایل ٹیم کے گراؤنڈ میں اترنے کے مناظر

ایک صارف نے علی اور جہانگیرترین کی تصویرکے نیچے لکھا کہ کھلاڑی نہیں آرہے، تو جہاز نکال لیتے ہیں۔


اس سے قبل پی ایس ایل انتظامیہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گذشتہ روز ایک پیغام میں بتایا تھا کہ علی ترین نے چھٹی فرینچائز کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھٹی ٹیم کی بولی کے لیے اس کی بنیادی قیمت 52 لاکھ ڈالر رکھی تھی تاہم علی ترین نے اس قیمت سے زیادہ کی بولی لگا کر اس کے حقوق خرید لیے۔پی ایس ایل اتظامیہ نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں بتایا کہ علی ترین نے آئندہ سات سال کے لیے چھٹی ٹیم کے حقوق حاصل کر لیے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی کا عمل جمعرات کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوا جس کی بنیادی قیمت 52 لاکھ ڈالر رکھی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق علی ترین نے پی ایس ایل کی چھٹی فرینچائز کے حقوق سات سال کے لیے 52 لاکھ ڈالر میں حاصل کر لیے۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے علی ترین نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ’ہم جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے حوالے سے کافی کام کر رہے ہیں اور ہمارا پروگرام ہے کہ ہر ضلع میں ایک گراؤنڈ اور اکیڈمی بنانے کے ساتھ ساتھ کلب کرکٹ کو سپورٹ کریں۔‘ خیال رہے کہ پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کا اضافہ راوں برس ہونے والے ایڈیشن میں کیا گیا تھا جسے شان پراپرٹی بروکرز نے خرید کر اس کا نام ملتان سلطانز رکھا تھا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں لوگوں کی نگاہوں کا مرکز رہی اور اس نے حریف ٹیموں کے خلاف یکطرفہ فتوحات حاصل کیں تاہم اپنے اختتامی میچوں میں اسے پے در پے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی۔ملتان سلطانز کی ٹیم رواں برس طے شدہ وقت کے مطابق متعدد مواقع ملنے کے باجود اپنی بینک گارنٹی جمع کروانے میں ناکام رہی جس کے بعد پی سی بی نے ان کا معاہدہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پی سی بی نے شان پراپرٹی بروکرز کی زیر ملکیت فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کردیا تھا جس کے بعد فرنچائز کے تمام مالکانہ حقوق واپس پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل ہو گئے تھے۔

گذشتہ ماہ 20 نومبر کو جب اسلام آباد میں چوتھے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ ہوئی تو اس ٹیم کو  چھٹی ٹیم  کا نام دیا گیا تھا۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14 فروری سنہ 2019 کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں ہو گا۔