کیپ ٹاؤن: (دنیا نیوز) تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جا رہا ہے، پروٹیز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنائے۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، پروٹیز کی جانب سے اوپنر ہینڈرکس اور کلوایت نے 26 رنز کا آغاز فراہم کیا، کلوایت 13 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسری وکٹ پر کپتان ڈوپلیسی اور ہینڈرکس نے 131 رنز کی شراکت داری قائم کرکے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی،ڈوپلیسی 78 اور ہینڈرکس 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ وین ڈر ڈوسن صفر ، ڈیوڈ ملر 10 اور مورس ایک رن پر پویلین لوٹے، کلاسن اور پھلوکوایو 5،5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے 3 جبکہ فیہم اشرف، حسن علی اورعماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پروٹیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ اس میچ میں کپتانی کے فرائض بھی شعیب ملک سرانجام دے رہے ہیں۔ پہلے میچ سے قبل محمد حفیظ انجری کا شکار ہوگئے ہیں جس کے باعث انہیں پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا۔ پاکستانی اسکواڈ میں فخر زمان، بابر اعظم، حسین طلعت، محمد رضوان، شعیب ملک، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی اور عثمان شنواری شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جب کہ 5 ایک روز میچز کی سیریز میں 2-3 سے قومی ٹیم کو شکست دی تھی۔