نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بی سی سی آئی کے موجودہ سیکرٹری امیتابھ چودھری کا کہنا تھا کہ میں نے آئی سی سی کو پاکستان پر پابندی سے متعلق خط نہیں لکھا تھا، یہ کوئی غلط فہمی ہو سکتی ہے, ہم نے آئی سی سی سے دہشتگردی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے بھارت کا پاکستان کو ورلڈ کپ سے بین کرنے کا مؤقف مسترد کر دیا ہے۔ جبکہ بھارتی کھلاڑیوں کو اضافی سکیورٹی دینے کا مطالبہ بھی آئی سی سی کی جانب سے مسترد کر دیا گیا ہے۔
یادرہے کہ پلوامہ حملے میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے عندیہ دیا تھا کہ پاکستان کو ورلڈ کپ 2019ء سے باہر نکلوانے کے لیے آئی سی سی سے رابطہ کیا جائے گا۔
جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سے میچ کھیلنے سے انکار کرنے پر آئی سی سی بھارت کے خلاف سخت ترین ایکشن لینے پر مجبور ہو جائے گا۔بھارت پاکستان کی ورلڈکپ میں شرکت پر پابندی لگانے کے درپے ہو گیا تھا۔ لیکن آئی سی سی کے اس بیان کہ پاک بھارت میچ شیڈول کے مطابق ہوگا، کے بعد بھارت کی عقل بھی ٹھکانے آ گئی۔ 25 فروری کو بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سامنے اپنی شکست تسلیم کر لی اورورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ میچ کا بائیکاٹ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔