اسلام آباد: (دنیا نیوز) پشاورزلمی اور زلمی فاونڈیشن کے زیراہتمام اکیس مارچ سے اسلام آباد میں منعقد ہونیوالی گلوبل زلمی لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ میونسپل کارپوریشن اسلام آباد اور زلمی فاونڈیشن کے درمیان گلوبل زلمی لیگ کے انعقاد کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔
اس موقع پر مئیر اسلام آباد شکیل انصر عزیز نے کہا کہ گلوبل زلمی لیگ کا اسلام آباد میں انعقاد خوش آئند ہے، غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہیں گے۔ قبل ازیں زلمی لیگ منعقد کروانے کے ایم او یو پر میئر اسلام آباد شکیل انصر عزیز اور پشاور زلمی کے ڈائریکٹر اور کو-چئیرمین خالد آفریدی نے دستخط کیے۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ گلوبل زلمی لیگ کا انعقاد اسلام آباد اور راولپنڈی میں پی ایس ایل میچز کے انعقاد کی جانب پہلا قدم ثابت ہو گا۔ پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن کے زیراہتمام گلوبل زلمی لیگ کا تیسرا ایڈیشن اکیس مارچ سے اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس کے لیے سولہ ممالک کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور اسلام آباد میں پی ایس ایل کے بعد بھی کرکٹ میلہ جاری رہے گا۔
جاوید آفریدی نے مزید کہا گلوبل زلمی کے پلیٹ فارم سے امریکہ، چین، کوریا، فرانس اور سعودی عرب سمیت دنیا کے پچیس ممالک میں قائم پینتیس رجسٹرڈ زلمی کلبز کے ذریعے دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی نوجوانوں کو جہاں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے وہیں ان ممالک میں گلوبل زلمی لیگ کے ذریعے کرکٹ کو فروغ بھی حاصل ہوا ہے۔
پشاور زلمی کے ڈائریکٹر اور کو-چئیرمین خالد آفریدی نے مئیر اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گلوبل زلمی لیگ کے انعقاد سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج سامنے آئیگا، انھوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر مئیر اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر ڈپٹی مئیر اسلام آباد سید ذیشان علی نقوی بھی موجود تھے۔