لاہور: (روزنامہ دنیا) پاک بھارت کشیدگی کے باعث رواں سال جون میں ہونیوالے کرکٹ ورلڈ کپ پر خدشات کے سائے لہرانے لگے، اس کی وجہ بھارت کی پاکستان کیساتھ میچ کے بائیکاٹ کی دھمکی ہے۔
بھارتی پائلٹ کی رہائی کے بعد بظاہر کشیدگی میں کمی ہو گئی ہے، مگر پاک بھارت مانچسٹر میچ پر شکوک و شبہات ابھی تک برقرار ہیں۔ کیونکہ اس میچ کا فیصلہ بھارتی سیاستدانوں نے کرنا ہے، جوکہ اس وقت تک فیصلہ نہیں کریں گے جب تک میچ کا وقت قریب نہ آ جائے۔
ادھر بھارتی کرکٹرز اور بورڈ کے حکام کہہ چکے ہیں کہ وہ حکومت کے فیصلے کی پابندی کرینگے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سینئر افسر ونود رائے نے رپورٹروں کو بتایا کہ پلوامہ حملے کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نام خط میں ورلڈکپ کے دوران سخت سکیورٹی کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ حکومت کی مشاورت سے کیا جائیگا۔
کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ حکومت یا بورڈ کے کسی بھی حکم کا احترام کریں گے۔