بلوچستان میں ترقیاتی عمل جام ہونے کا تاثر غلط ہے، ظہور بلیدی

Last Updated On 07 March,2019 07:50 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے وزیر اطلاعات ظہور بلیدی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل جام ہونے کا تاثر غلط ہے۔ جاری منصوبوں اور گزشتہ ادوار کے 15 سو سے زائد منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ 411 گزشتہ ادوار کے منصوبوں کے لیے بھی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات ظہور بلیدی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلوچستان سجاد احمد بھٹہ اور ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ فرخ عتیق نے مشترکہ پریس کانفرنس کوئٹہ میں کی۔

وزیر اطلاعات ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ڈی پی میں جو مسائل تھے انہیں حل کیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت نے 1515 ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کیے گئے۔

ظہور بلیدی نے کہا کہ مانگی ڈیم کے لیے ساٹھ کروڑ اورماڈہ کے قریب ڈیم کے لیے 50 کروڑ، کچھی کینال کے لیے 25 کروڑ اور شہید سکندر یونیورسٹی کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے لیے چھ یونٹس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں ٹیکس، پنشن، سرمایہ کاری، آڈٹ اور تمام فنانس کے معاملات دیکھے جائیں گے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلوچستان سجاد احمد بھٹہ نے کہا کہ جن سکیموں کے لیے فنڈز جاری کیا گیا ہے ان میں صحت، روڈز اور پانی کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر تیزی دے کام جاری ہے جبکہ گوادر سیف سٹی پروجیکٹ پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔ ہائی ویز پر حادثات کی صورت میں 1122 کی طرز پر ادارہ قائم کیا جائے گا۔

سجاد احمد بھٹہ کا کہنا تھا کہ سی پیک میں سوشو اکنامک کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے جس میں وہ منصوبے شروع کیے جائیں گے جو ایک سال کے اندر مکمل ہو جائیں جبکہ زیارت ٹورسٹ سٹی پروجیکٹ کے ابتدائی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔