لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں تیزی لاتے ہوئے حکومت پنجاب نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے ہیڈ کوارٹرز کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے کالعدم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ہیڈ کوارٹر کا کنٹرول بھی سنبھال لیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے ہیڈ آفس کا کنٹرول سنبھالنے کی محکمہ داخلہ پنجاب نے تصدیق کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔ کالعدم جماعتوں کے مدارس، ہسپتال اور دیگر جگہوں کا کنٹرول حکومت اپنے پاس لے رہی ہے۔ پنجاب میں کالعدم جماعتوں کے خلاف ایکشن مزید تیز ہو گیا ہے۔
ادھر ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تنظیموں کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ کارروائی کا فیصلہ آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعتوں کیخلاف کارروائی نیشنل ایکشن پلان کی رہنمائی میں کی جائے گی اور اس اہم معاملے میں اپوزیشن سمیت تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لیا جائیگا۔
دوسری جانب حکومت پنجاب کا کالعدم تنظیموں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انسداد دہشت گردی فورس اور حساس اداروں کا مشترکہ آپریشن صوبہ بھر میں پھیل گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کالعدم جماعت الدعوۃ کے 38 کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کالعدم جماعتوں کے مزید 30 افراد کی گرفتاری کا حکم بھی دیدیا گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق کالعدم جماعتوں کی مزید جائیدادوں کو بھی ضبط کرنے کی کارروائی جاری ہے تاہم قبضے میں لئے تمام سکولز اور ادارے چلتے رہیں گے۔