لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان کیخلاف انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے ۔ ہدف کے تعاقب میں مورگن الیون نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 19 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 170 رنز بنا لیے ہیں۔
انگلش ٹیم کے اوپنر جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے پاکستانی باؤلنگ کا بھرکس نکال دیا۔ شاندار آغاز فراہم کیا اور گرائونڈز کے چاروں طرف شارٹس کھیلے۔ پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب جیسن روئے 159 رنز پر فہیم اشرف کی گیند پر آئوٹ ہوئے۔
اس وقت جونی بیرسٹو 89 سکور پر کھیل رہے ہیں جب کہ ان کے ساتھ جوئے روٹ 3 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔
اس سے پہلے پاکستان نے انگلینڈ کو 359 رنز کا ہدف دیدیا۔ اوپنر امام الحق نے 151 رنز کی شاندار باری کھیلی۔ یہ قومی اوپنر کی چھٹی تھری فیگر اننگز تھی۔ پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو 2 سکور بنا کر ووکس کی گیند پر جوئے روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ بابر اعظم 15 سکور پر ووکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین حارث سہیل 41 رنز بنا کر کوران کی تھرو پر رن آئوٹ ہو گئے۔ کپتان سرفراز احمد نے 27 سکور کی باری کھیلی اور لیام پلنکٹ کے شکاربن گئے۔
اوپنر امام الحق نے 131 گیندوں پر 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کوران کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ آل رائونڈر عماد وسیم نے 12 گیندوں پر 22 کی باری کھیلی۔ ہارڈ ہٹر بیٹسمین آصف علی نے 43 گیندوں پر52 رنز بنائے۔ فہیم اشرف 13 سکور پر کوران کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ شاہین شاہ آفریدی 7 رنز بنا کر ڈیوڈ ویلی کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ حسن علی 18 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 358 سکور بنائے۔ انگلینڈ کی طرف سے ووکس نے چار، کوران نے 2 اور پلنکٹ اور ویلی نے ایک ایک وکٹ لی۔
تیسرے میچ کے دوران قومی ٹیم میں یاسر شاہ کی جگہ جنید خان کو کھلایا گیا ہے۔ حیران کن طور پر شعیب ملک اور محمد حفیظ تیسرے ون ڈے میں بھی جگہ نہ بنا سکے۔ دوسری طرف انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر اور سپنر عادل راشد کو آرام کی غرض سے باہر بیٹھایا گیا ہے ان کی جگہ جون ڈینلی اور ٹام کوران کو کھلایا گیا ہے۔