لاہور: (دنیا نیوز) قومی ٹیم کے سٹار آل رائونڈر شاداب خان نے بیماری کو شکست دیدی۔ وہ 16 مئی کو انگلینڈ روانہ ہونگے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق لندن میں شاداب خان کا ایک اور معمولی چیک اپ کرایا جائے گا جس کے بعد وہ ٹیم کا حصہ بن جائینگے۔ سٹار آل رائونڈر کی ورلڈکپ میں شمولیت کے بعد لیگ سپنر یاسر شاہ کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔
Wrist spinner @76Shadabkhan declared fit for World Cup
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 14, 2019
More https://t.co/C88UzQvoC8 pic.twitter.com/3RyZWIKm2y
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سٹار آل رائونڈر شاداب خان ورلڈکپ میں شرکت کے لیے 16 مئی کو برطانیہ جائیں گے۔ وہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کرینگے۔ 24 اور 26 مئی کو افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے وارم اپ میچ بھی ایکشن میں دکھائی دینگے۔
اس موقع پر آل رائونڈر شاداب خان کا کہنا تھا کہ بیماری کو ہرا کر بہت خوش ہوں اور ورلڈکپ میں کھیلنا میرا خواب تھا۔ میگا ایونٹ کے دوران کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کروں گا۔ مجھے انگلینڈ میں کھیلے جانے والی چیمپئنز ٹرافی کا تجربہ حاصل ہے۔ میں بیماری کے بعد ٹیم کی نمائندگی کی طرف دیکھ رہا ہوں۔
دوسری طرف قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاداب خان کا فٹ ہونا ہمارے لیے بہت اچھی خبر ہے۔ میں شاداب خان کو ٹیم میں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہوں۔ ان کی پویلین میں موجودگی ہمارے لیے حوصلہ افزا ہو گی۔