لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی امپائر علیم ڈار نے امپائرنگ کرتے ہوئے 200 ون ڈے مکمل کر لیے۔ پاکستانی امپائر نے یہ اعزاز بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے میچ کے دوران حاصل کیا۔
دنیا نیوز کے مطاق اعزاز حاصل کرنے کے بعد پاکستانی امپائر علیم ڈار کا کہنا تھا کہ 200 ون ڈے سپر وائز کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ میں اپنی فیملی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور تمام مداحوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے کیریئر کے دوران مجھے سپورٹ کیا۔
علیم ڈار نے اپنے مستقبل کے حوالے سے بتایا کہ میں جب تک فٹ ہوں امپائرنگ کرتا رہوں گا۔ امپائرنگ کے ذریعے اپنے ملک کا نام روشن کرنا میرا خواب ہے۔ امپائرنگ کے دوران اپنا پہلا ون ڈے بہت یادگار لگتا ہے کیونکہ یہ میچ میرے آبائی شہر میں ہوا تھا۔ یہ میچ 2000ء کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
علیم ڈار کا مزید کہنا تھا کہ کیریئر کے دوران بہت ساری جھلکیاں میرے ذہن میں موجود ہیں تاہم 2011ء کے ورلڈکپ کے دوران امپائرنگ کرنا میرے لیے سب سے زیادہ فخریہ لمحہ تھا۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا تھا کہ میں اپنی طرف سے اور کرکٹ بورڈ کی طرف سے علیم ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اپنے فرائض بہت شاندار طریقے سے انجام دیئے۔ میرے خیال میں پاکستانی امپائر ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔
یاد رہے کہ 50 سالہ امپائر علیم ڈار آئی سی سی کے تیسرے امپائر ہیں جنہوں نے 200 میچز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پہلا نمبر ساوتھ افریقہ کے روڈی کورٹزن کے پاس ہے جو 209 میچز میں فرائض انجام دے چکے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے بلی بوڈن ہیں جنہوں نے 206 میچز میں فرائض انجام دے چکے ہیں ۔
واضح رہے کہ علیم ڈار کے پاس منفرد اعزاز بھی موجود ہیں۔ 2004ء میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان انٹیگا میں کھیلے جانے والا میچ ہر لحاظ سے یادگار تھا کیونکہ اس میچ میں سابق لیجنڈز پلیئر برائن لارا نے 400 رنز بنائے تھے۔
دوسری طرف 2006ء میں سائوتھ افریقہ اور آسٹریلیا کا تاریخی میچ میں بھی علیم ڈار نے امپائرنگ کے فرائض انجام دیئے تھے اس میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے ون ڈے کی تاریخ میں پہلی بار 434 رنز بنائے تھے۔ ٹارگٹ کو پروٹیز ٹیم نے جوہانسبرگ میں ہرشل گبز کی شاندار اننگز کی بدولت حاصل کیا تھا۔