لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سٹار آل رائونڈر شاداب خان علاج کے لیے لندن چلے گئے۔
ورلڈکپ کے لیے لگائے گئے کیمپ کے دوران آل رائونڈر کے خون میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے علاج کے لیے انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔
قومی کرکٹر شاداب خان علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئے ہیں جہاں جمعہ کو لندن کے ڈاکٹر پیٹرک کینڈی شاداب خان کا چیک اپ کریں گے۔ ٹریننگ کیمپ کے آخری روز شاداب خان کی بلڈ ٹیسٹ رپورٹ میں وائرس کا انکشاف ہوا تھا جس پر انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ شاداب خان کی ورلڈکپ میں شمولیت یقینی بنانے کے لیے فٹنس اور ریکوری پر تمام وسائل کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
واضح رہے کہ رپورٹ میں وائرس کی نشاندہی پر شاداب خان کو انگلینڈ کےخلاف سیریز سے ڈراپ کرکے یاسر شاہ کو اسکواڈ کا حصہ بنایاگیا ہے۔